دنیا میں لوگوں کی ایک واضح تعداد کرائے کے گھروں میں رہتی ہے اور کرائے کی جگہوں پر کاروبار کرتی ہے لیکن اب نائیجیریا کے ایک پادری نے اب سرے سے کرائے داری ہی کو گناہ قرار دے دیا ہے۔ ویب سائٹ kikiotolu.com کے مطابق اس پادری کا نام ’چارلس اوسازوا ہے جو راک آف اگیس کرسچین اسمبلی کا بانی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جب آپ کرائے دار ہوتے ہیں تو آپ کا ایک لینڈ لارڈ ہوتا ہے، اس طرح آپ کے دو لارڈ ہو جاتے ہیں حالانکہ آپ کا صرف ایک لارڈ ہونا چاہیے جو کہ خداوند ہے۔ چنانچہ کرائے دار بن کر کسی کو اپنا لینڈلارڈ بنانا گناہ ہے۔
چارلس اوسازوا کا کہنا تھا کہ ”خدا لوگوں کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ اس کے ساتھ کسی اور کو بھی لارڈ بنائیں۔ میں لوگوں کو نصیحت کروں گا کہ جب وہ زندگی میں پہلی بار کمانا شروع کریں تو انہیں اپنا گھر خریدنے کی منصوبہ بندی شروع کر دینی چاہیے۔ ہر شخص کو اپنے گھر میں رہنا چاہیے خواہ وہ بہت چھوٹا گھر ہی کیوں نہ ہو۔ آپ کو ہمیشہ اپنے اس پہلے گھر میں نہیں رہنا۔ اب زیادہ پیسے آنے پر اسے تبدیل کر سکتے ہیں لیکن زندگی میں جتنی جلدی ممکن ہو سکے کرائے داری سے جان چھڑا لینی چاہیے کیونکہ یہ گناہ ہے۔